ننھا مرغ(ایک فرانسیسی کہانی)

 

ایک ننھا مرغ ایک عام سے چھوٹے سے شہر میں رہتا ہے ۔ وہ نہ بڑا ہے اور نہ چھوٹا ہے ۔ وہ نہ موٹا ہے اور نہ ہی پتلا ہے ۔ وہ نہ تو ہوشیار ہے اور نہ ہی احمق ۔ وہ روزانہ اپنا ناشتہ کچن میں کرتا ہے ۔ اس کو مکھن کے ساتھ ٹوسٹ اور کریم کے ساتھ کافی پینا پسند ہے ۔ ایک دن ناشتہ کرتے ہوئے وہ اپنے لیپ ٹاپ پر ایک خبر پڑھتا ہے جس میں لکھا ہوتا ہے کہ آسمان گر رہا ہے ۔ وہ اتنا خوفزدہ ہو جاتا ہے کہ اپنا ٹوسٹ اپنی کافی میں ڈال دیتا ہے ۔وہ فوراً اپنے قریبی دوستوں کو وہ خبر ای میل کرتا ہے ۔ پھر وہ باقی سب کو خبردار کرنے کے لیے گلی میں بھاگتا ہے ۔

 ننھا مرغ گلی میں سب سے پہلے ایک مرغی سے ملتا ہے جو سپر مارکیٹ سے واپس آرہی ہوتی ہے ۔ مرغی ننھے مرغ کو پوچھتی ہے کہ تم اتنا گھبرائے ہوئے کیوں ہو اور کہاں جا رہے ہو ؟ ننھا مرغ اس کو بتاتا ہے کہ آسمان گر رہا ہے ۔ مرغی پوچھتی ہے کہ تم کیسے جانتے ہو ؟ ننھا مرغ اس کو بتاتا ہے کہ اس نے یہ خبر انٹرنیٹ پر دیکھی ہے ۔ ننھا مرغ اور مرغی دونوں باقی لوگوں کو بتانے کے لیے دلدل کی طرف بھاگتے ہیں ۔ 

وہاں وہ ایک بطخ سے ملتے ہیں ۔ وہ نہا رہی ہوتی ہے ۔ بطخ ان سے پوچھتی ہے کہ تم دونوں اتنا ڈرے ہوئے کیوں ہو اور کہاں جا رہے ہو ؟ننھا مرغ اور مرغی دونوں ایک ساتھ چلاتے ہیں کہ آسمان گر رہا ہے ۔ اب وہ تینوں مل کر فارم کی طرف بھاگتے ہیں ۔ 

وہاں پر وہ ہنس سے ملتے ہیں ہنس ان سے پوچھتی ہے کہ تم سب اتنا ڈرے ہوئے کیوں ہو اور کہاں جا رہے ہو؟ سب ایک ساتھ چیختے ہیں کہ آسمان گر رہا ہے ہنس ان سے پوچھتی ہے کہ آپ سب یہ کیسے جانتے ہو ؟ وہ سب کہتے ہیں کہ ہم نے انٹرنیٹ پر یہ خبر دیکھی ہے ۔ اب وہ سب مل کر شہر کی طرف بھاگتے ہیں ۔

 مرکزی سڑک پر وہ ایک لومڑ سے ملتے ہیں جو کہ ایک کیفے میں بیٹھا اپنے لیپ ٹاپ پہ کچھ لکھ رہا ہوتا ہے ۔ وہ لومڑ ان سب سے پوچھتا ہے کہ اے میرے دوستو تم سب کہاں جا رہے ہو اور اتنا ڈرے ہوئے کیوں ہو ؟ وہ سب چلاتے ہیں کہ آسمان گر رہا ہے ۔ لومڑ کہتا ہے کہ تم سب پریشان نہ ہو میرے پاس چھپنے کے لیے بہترین جگہ ہے ۔  وہ گاؤں کے راستے ، سڑک کے ساتھ ، میدان کے اس پار ایک پہاڑی پر سب کو لے جاتا ہے ۔ پہاڑی کی چوٹی پر ایک بڑی تاریک غار ہوتی ہے ۔ لومڑ ننھے مرغ ، مرغی ، بطخ اور ہنس سے کہتا ہے کہ اندر آ جاؤ یہاں تمہارے چھپنے کے لیے کافی جگہ ہے ۔ یہاں آسمان نہیں گرے گا اور ہم سب محفوظ رہیں گے ۔ اگلی صبح ننھا مرغ اور اس کے دوست غائب ہو جاتے ہیں اور غار خالی ہو جاتا ہے لیکن لومڑ بہت خوش نظر آتا ہے ۔ اس کا پیٹ بہت بڑا اور گول ہو جاتا ہے ۔ وہ ایک درخت کے نیچے بیٹھتا ہے ، اپنا لیپ ٹاپ نکالتا ہے اور دوبارہ لکھنے لگتا ہے ۔

                                                                                        " آسمان گر رہا ہے "


No comments:

Post a Comment