فرو ہونا:
دبنا ، ختم کرنا : علی نے اپنی عقل و دانش کے بل بوتے پر اپنے ہر خوف کو فرو کیا۔
فراٹے بھرنا:
تیزی سے جانا : بس فراٹے بھرتی جا رہی تھی ، امید تھی کہ ہم جلد ہی لاہور پہنچ جائیں گے۔
فروکش ہونا:
اترنا ، ٹھہرنا: پھپھو جان جیسے ہی گھر میں فروکش ہوئیں ، سالگرہ کی تقریب کا آغاز کردیا گیا۔
فاتحہ پڑھنا:
کچھ نہ ہو سکنا : اس فیس بک کی دوستی کا یہی انجام ہونا تھا اب اس پر فاتحہ پڑھ لو اور پڑھائی پر توجہ دو۔
قاضی گلہ نہ کرے گا:
کسی کو اعتراض نہ ہوگا : جائیداد کے معاملات پر جب دونوں بھائی راضی ہیں تو قاضی گلہ نہ کرے گا۔
قاعدے کی بات:
عام بات : قاعدے کی بات تو یہ ہے کہ لڑکیوں کی شادی جلدی کرنی چاہیے۔
قلم کرنا:
کاٹ دینا : جلاد نے اشارہ پاتے ہی باغی کا سر قلم کر ڈالا۔
قافیہ تنگ کرنا:
جینا دو بھر کرنا : لوڈ شیڈنگ اور بجلی کے بلوں نے تو ہر شخص پر قافیہ تنگ کر رکھا ہے۔
قلعی کھل جانا:
اصلیت کھل جانا : گجرات کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے بعد بھارت کے سیکولر ہونے کے دعوؤں کی قلعی کھل گئی ہے۔
قبر میں پاؤں لٹکائے بیٹھنا:
مرنے کے قریب ہونا : بوڑھا قبر میں پاؤں لٹکائے بیٹھا ہے مگر سیر سپاٹے کا شوق ابھی بھی نہیں گیا۔
قصہ پاک کرنا:
جھگڑا یا معاملہ ختم کرنا : چوھدری صاحب نے دونوں خاندانوں میں صلح کروا کر قصہ ہی پاک کر دیا۔
قلم بند کرنا:
لکھنا : مستنصر حسین تارڑ نے اپنے بین الاقوامی سفر کی روداد سفرنامے کی صورت میں قلم بند کی۔
قیامت برپا کرنا:
ہنگامہ کھڑا کر دینا : آٹھ اکتوبر کے زلزلے نے شمالی علاقہ جات میں قیامت برپا کر دی تھی۔
قدموں سے لگے پڑے ہیں:
خادم اور مطیع ہونا : اپ چوہدری صاحب کے بارے میں خواہ کچھ بھی کہیں ہم تو ان کے قدموں سے لگے پڑے ہیں۔
قلم انداز کرنا:
لکھتے وقت چھوڑ دینا : اپنی آپ بیتی لکھتے وقت مظہر صاحب بہت سی باتیں اور واقعات قلم انداز کر گئے۔
قابو سے باہر ہونا:
اختیار میں نہ رہنا : وہ جذبات میں آ کر قابو سے باہر ہو گیا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا۔
قسم کھانے کو بھی باقی نہ رہنا:
کچھ بھی باقی نہ رہنا : آج کے دور میں تو پاسداری اور لحاظ قسم کھانے کو بھی باقی نہیں رہا۔
قلم توڑنا:
بہترین انداز میں لکھنا : ابن انشاء کا مزاح پڑھ کر محسوس ہوتا ہے کہ اس میدان میں انہوں نے قلم توڑ کر رکھ دیا ہے۔
قول دینا:
وعدہ کرنا : اگر کسی کو قول دو تو اس کو نبھاؤ بھی۔

No comments:
Post a Comment