اردو محاورے (ل اور م )

 

لاج رکھنا: 
عزت رکھنا: اللہ نے میری لاج رکھ لی اور میری بیٹی کی شادی خیر و عافیت سے سرانجام پائی۔
لمبی تان کر سونا: 
بے فکر ہو کر سونا: امتحانات سر پر ہیں اور علی لمبی تان کر سو رہا ہے۔
لگی لپٹی نہ رکھنا: 
صاف صاف کہہ دینا: عابدہ بیگم لگی لپٹی رکھنے کی عادی نہیں اسی لیے گھر کے معاملات میں ہمیشہ سچائی سے کام لیتی ہیں۔
لکیر کا فقیر ہونا: 
پرانی رسموں کا پابند ہونا: آج کل کے دور میں جو لکیر کا فقیر ہے وہ زمانے کے ساتھ نہیں چل سکتا۔
لوہا منوانا: 
بڑائی تسلیم کروانا: پاکستانی افواج نے پوری دنیا میں اپنی بہادری کا لوہا منوا لیا ہے۔
لوہے کے چنے چبانا: 
سخت محنت کا کام: کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو لوہے کے چنے چبا کر اپنے لیے روزی کمانی پڑتی ہے۔
لیت و لعل کرنا:
ٹال مٹول کرنا: علی نے مجھے قرض دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اب لیت و لعل سے کام لے رہا ہے۔
لینے کے دینے پڑ جانا: 
فائدے کی بجائے نقصان ہونا: ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔
لٹیا ڈبونا:
کام بگاڑنا: میٹرک میں فیل ہو کر اکبر نے اپنے غریب باپ کی لٹیا ڈبو دی ہے۔
لہو کے گھونٹ پینا: 
غصہ ضبط کرنا: افضل صاحب نے جب اپنے بیٹے کے کرتوت دیکھے تو لہو کے گھونٹ پی کر رہ گئے۔
لہو لگا کر شہیدوں میں ملنا: 
تھوڑا سا کام کر کے زیادہ شہرت چاہنا: اس سارے کام میں اگرچہ اکبر کا زیادہ حصہ نہیں لیکن وہ لہو لگا کر شہیدوں میں شامل ہونا چاہتا ہے۔
ماتھا ٹھنکنا:
شک ہونا: گلی میں کچھ لڑکوں کی مشکوک سرگرمیاں دیکھ کر میرا ماتھا ٹھنکا اور میں نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ 
ماتھا رگڑنا: 
خوشامد کرنا: غریب لڑکے نے بہت ماتھا رگڑا لیکن اسے نوکری نہ دی گئی۔
مارے مارے پھرنا: 
آوارہ پھرنا: بے روزگاری، سفارش اور مہنگائی کے باعث اعلی تعلیم یافتہ لڑکے مارے مارے پھر رہے ہیں۔
مٹھی گرم کرنا:
رشوت دینا: جب جب تک مٹھی گرم نہ کی جائے تو بڑا کیا چھوٹا کام بھی نہیں ہوتا۔
مکھیاں مارنا: 
بیکار بیٹھنا: لوڈ شیڈنگ کے باعث کام بند ہے اور ملازمین مکھیاں مار رہے ہیں۔
منہ پر ہوائیاں اڑنا: 
رنگ فق ہونا: جھوٹ کھل جانے پر اصغر کے منہ پر ہوائیاں اڑنے لگیں۔
منہ سے پھول جھڑنا:
نہایت خوش بیاں ہونا: اس کے شعر کہنے کا انداز ایسا تھا گویا منہ سے پھول جھڑ رہے ہوں۔
منہ کی کھانا: 
شکست کھانا: غزوہء بدر میں کفار کو منہ کی کھانا پڑی۔ 
منہ لگانا: 
دوست بنانا: مطلب پرست اور خوشامدی کو منہ لگانا اپنا نقصان آپ کرنا ہے۔
منہ دکھانا مشکل ہو گیا: 
شرمندگی کے باعث سامنا نہ کر پانا: قرض کی رقم وقت پر ادا نہ کرنے کے باعث سمیع صاحب کو منہ دکھانا مشکل ہو گیا تھا۔
منہ میں دانت نہ پیٹ میں آنت:
انتہائی بوڑھا: انہیں دیکھو منہ میں دانت نہ پیٹ میں آنت اور اس عمر میں شادی کی سوجھی ہے۔
منہ سے بولے نہ سر سے کھیلے: 
بالکل خاموش اور ساکت: ارے اس بچے کو کیا ہو گیا ہے، منہ سے بولے نہ سر سے کھیلے، کسی ڈاکٹر کو دکھاؤ۔
میدان صاف ہے: 
کوئی روک ٹوک نہیں: ساس کے جانے کے بعد میدان صاف تھا، اب بہو ہی سارے گھر پر قابض تھی۔
موم کی ناک ہونا: 
اپنی کوئی رائے نہ رکھنا: چھوٹے بچے موم کی ناک کی طرح ہوتے ہیں انہیں جس طرح چاہو ڈھال لو۔
ماتھا پیٹنا: 
سر پیٹنا: اپنے شوہر کی فضول خرچیوں پر رشیدہ نے ماتھا پیٹ لیا۔


No comments:

Post a Comment